خبرنامہ پاکستان

ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں امام حسین اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شبیہہ علم اور تعزیئے نکالے گئے، یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات،سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے 26 شہروں میں موبائل سروس بند رہی ، کراچی سمیت سندھ بھر میں، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ اور راولپنڈی میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی
اسلام آباد /پشاور/کراچی /لاہور /کوئٹہ (ملت+آئی این پی ) نواسہ رسول حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کی یاد تازہ کرنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یوم عاشور ا مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا اور اس سلسلے میں نکالے جانے والے جلوس اپنے مقررہ مقام پر پرامن طور پر اختتام پذیر ہو ئے۔ شہدائے کربلا کی یاد میں ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں نواسہ رسول حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شبیہہ علم اور تعزیئے بھی نکالے گئے۔ یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے 26 شہروں میں موبائل سروس بند رہی اور حفاظتی اقدامات کے پیش نظرکراچی سمیت سندھ بھر میں، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ اور راولپنڈی میں بھی موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی تھی۔ کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس کے شرکا نے تبت سینٹر پر نماز ظہرین ادا کی جس کے بعد جلوس روایتی راستے ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔ مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اوررینجرز کی جانب سے انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کے 10 ہزار سے زائد جوان و افسران فرائض انجام دیئے، جلوس کے راستوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ سے کلیئر کرایا گیا جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں بھی جلوس کے ہمراہ تھیں۔ کراچی میں جلوس کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکیں بھی کنٹینر لگا کر سیل کی گئیں جب کہ جلوس کی گزر گاہوں پر دکانیں اور مارکیٹیں بھی بند رکھی گئیں، بلند عمارتوں پر ماہر نشانے باز بھی تعینات تھے، جلوس کے دونوں راستوں پر اسکینرز نصب کیے گئے جب کہ مرکزی جلوس میں شریک ہونے والے زائرین کو چیکنگ کے بعد شرکت کی اجازت دی گئی۔ لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس رات گئے نثار حویلی سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پزیر ہوا۔