خبرنامہ پاکستان

ملک بھر میں یوم فضائیہ ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

اسلام آباد/کراچی (آئی این پی ) ملک بھر میں یوم فضائیہ ملی جوش و جذبے سے منایا گیا ۔یہ دن منانے کا مقصد1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے سترہ روز کی جنگ میں دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملاتے ہوئے اسے زخم دیئے جنہیں وہ آج تک فراموش نہیں کرسکا۔1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کا کردار ناقابل تسخیر رہا،سات ستمبر یوم فضائیہ ہمیں شاہینوں اور جانبازوں کی بے مثال قربانیوں اور کارناموں کو یاد کرنے کا دن ہے، جب پاک بھارت جنگ میں پاک فضائیہ کے جانبازوں نے جرات اور بہادری کی نئی مثالیں قائم کیں، اس جنگ میں وطن عزیز کے بہادر سپوتوں نے جان جا نذرانہ دیکر ملک کا دفاع کیا۔ آج کا دن فضائیہ کے ان تمام شاہینوں کی یادیں تازہ کرتا ہے جنھوں نے اپنی جان نذر کرکے شجاعت کی بے مثال داستانیں رقم کیں۔ اس موقع پر کراچی میں واقع آرمی قبرستان میں راشد منہاس شہید کے مزار پر چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔