خبرنامہ پاکستان

ملک بھر میں 76واں یوم پاکستان انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) ملک بھر میں 76واں یوم پاکستان انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ‘ 21توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ تمام اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے۔لاہور میں علامہ اقبالؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی اور پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔ صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم محمد نوازشریف نے یوم پاکستان کی مناسبت سے خصوصی پیغامات جاری کئے جبکہ قومی اخبارات نے 23مارچ کے حوالے سے خصوصی ضمیمے شائع کئے اور ریڈیو، ٹی وی پر خصوصی پروگرام نشر کئے گئے ۔وفاقی دارالحکومت میں یوم پاکستان کی مناسبت سے شکرپڑیا ں کے مقام پر مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کا شاندار انعقاد ہوا ۔ اس موقع پر شہریوں کا جوش و جذبہ قابل دید تھا ‘ عوام کی بڑی تعداد نے شاہراؤں پر جمع ہو کر بڑی سکرینوں پر یوم پاکستان کی خصوصی پریڈ دیکھی اور پاک فضائیہ کے جنگی اور لڑاکا طیاروں کے شاندار فضائی مظاہروں سے محظوظ ہوئے۔صدر مملکت ممنون حسین نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام کہاکہ آج کے دن وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، تحریک آزادی کے عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پاکستان کا قیام طویل جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں ممکن ہوا، وطن عزیز کی ترقی و استحکام کا راز بھی جمہوریت ہی میں پوشیدہ ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ وطن عزیز کو اجتماعی کوششوں سے عظیم ریاست بنا سکتے ہیں آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے بھی پْرعزم ہیں،دہشت گردی اور شدت پسندی کو شکست دینے کیلئے پْرعزم ہیں۔یوم پاکستان کے موقع پرقائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقاریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔