خبرنامہ پاکستان

ملک سے ان پڑھ آبادی کو کم کرنے کیلئے ہنگامی کام کررہے ہیں: بلیغ الرحمن

اسلام آباد (اے پی پی) وزیرِ مملکت انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں تعلیم کا فروغ مسلم لیگ (ن) کا اولین مقصد ہے اور ہم ملک سے ان پڑھ آبادی کو کم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، پانچ کروڑ ستر لاکھ ان پڑھ آبادی اور دو کروڑ چالیس لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہونا ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج ہیں اور اس قومی مسئلے سے نبردآزما ہونے کے لئے پوری قوم کو تن من دھن کی بازی لگا دینی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی کمیشن برائے انسانی ترقی (این سی ایچ ڈی) کے قائم ہونے والے غیر رسمی سکول سرائے خربوزہ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا جو کہ جاپان عالمی تعاون ایجنسی (جائیکا) کے تعاون سے شروع کیا جارہا ہے۔یہ سکول اسلام آباد کوسو فیصد پڑھا لکھا بنانے کی کوششوں کی کڑی ہے جس سلسلے میں دارالحکومت میں 50 سکول قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے اس سلسلے میں جاپان کی حکومت کی امداد کا شکریہ ادا کیا اور اسے قابل تعریف قرار دیا۔ وزیرِ مملکت نے کہا کہ ہم خواتین کی خواندگی کے مراکز بھی قائم کریں گے جن میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر بھی سکھایا جائے گا۔ وزیرِ مملکت برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمن نے تعلیم کے فروغ میں این سی ایچ ڈی کے کردار کو سراہا اور اس نئے منصوبے کو خواندگی کے لئے بہت اہم قرار دیا۔ این سی ایچ ڈی کے اس منصوبے کے آغاز کا مقصدملک میں قومی سطح پر غیر رسمی تعلیمی نظام کے فروغ کے سلسلے میں اٹھائی جانے والی مشترکہ کوششوں کو عملی جامہ پہنانا اور اس سلسلے میں غیر رسمی تعلیم کے معلوماتی نظام اور اس کے معیاراتی پہلوؤں جو کہ نصاب، تدریسی مواد، اس کے محصولات کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے نفاذ کے سلسلے میں صوبوں کے مابین مشاورت کے لئے فورم کی تشکیل دینا ہے تا کہ اس نظام کو بروئے کارلا کر شرح خواندگی کو بڑھایا جا سکے۔ وفاقی وزارتِ تعلیم اور فنی مہارت ، اکیڈمی آف ایجوکیشن پلاننگ اینڈ مینجمنٹ اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی بھی اس منصوبے کے شراکت دار ہیں۔ ملک میں تعلیم کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملک میں پانچ کروڑ ستر لاکھ افراد ناخواندہ ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ دو کروڑ چالیس لاکھ بچے ایسے ہیں جن کی عمریں سکول جانے کی ہیں لیکن وہ کبھی سکول نہیں گئے۔انہوں نے بتایا کہ المیہ تو یہ ہے کہ دو کروڑ ساٹھ لاکھ بچے جو سکولوں میں جاتے ہیں ان میں سے بھی صرف28فیصد بچے میٹرک تک پہنچ پاتے ہیں۔ تعلیمی اعداد و شمار کے مطابق پرائمری سطح پر سکولوں میں صرف 72فیصد اندراج ہے اور ان میں سے خارج ہونے والے بچے 33فیصد ہیں ۔انہوں نے دینی مدارس میں دنیاوی تعلیم دینے کے منصوبے کی کامیابی کی تعریف کی۔ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے این سی ایچ ڈی کی چیئرپرسن سابق سینیٹر رزینہ عالم خان نے کہا کہ صحت مند اور مثالی معاشرے کے قیام میں تعلیم کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تعلیم یافتہ قومیں تعلیم کو اولین ترجیح دیتے ہیں بد قسمتی سے ہمارے ہاں تعلیم کے شعبہ پر وہ توجہ نہیں دی جاتی رہی، اب مسلم لیگ (ن) حکومتی سطح پراب تعلیم کے شعبہ میں خصوصی دلچسپی لی جا رہی ہے، اور عملی طور پر بہت سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تا کہ ملک میں تعلیم کی صورتحال کو بہتر کیا جا سکے ۔اس سلسلے میں سرکاری اور غیر سرکاری ادارے مل کر کام کر رہیں اور جہالت کو دور کرنے کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جسکی ایک عملی تفسیر ہمارا یہ منصوبہ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد میں تعلیم کی شرح کو 88 فیصد سے 100 فیصد تک لے کر جائیں گے، سرائے خربوزہ کا سکول اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی ایچ ڈی ان مسائل کے سدِباب اور تعلیم کے فروغ میں کوشاں ہیں ۔ این سی ایچ ڈی نے اب تک ملک کے پسماندہ علاقوں میں 34لاکھ افراد کو 164,190تعلیمِ بالغاں مراکز میں تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جس میں 90 فیصد تعداد خواتین کی تھی۔ انہوں نے تعلیم کے میدان میں این سی ایچ ڈی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2010ء میں وزارتِ تعلیم نے ادارے کوتعلیم کے میدان میں کلیدی ادارہ قرار دیا اس کے ساتھ ساتھ این سی ایچ ڈی کو بین الاقوامی سطح پر بھی پزیرائی ملی اور2006 میں اس ادارے نے یونیسکو کا “International Reading Award Literacy 2006″جیتا ۔ انہوں نے کہا کہ این سی ایچ ڈی تعلیم کے فروغ کیلئے اپنی کوششوں کو مستقبل میں بھی جاری رکھے گا۔ اس موقع پر جاپان کی عالمی تعاون ایجنسی جائیکا کے نمائندے یاشوہیروتوجو نے کہا کہ جاپان پاکستان سے تعلیم، توانائی اور لائیوسٹاک میں گزشتہ ساٹھ سالوں سے تعاون کر رہا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کی 40%ان پڑھ آبادی پڑھا لکھا کر بہتر معیارِ زندگی اور معاشی حالت حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے وزیرِاعظم نواز شریف کی پاکستان میں خواندگی کے فروغ اور دارالحکومت میں 100%تعلیم کو عام کرنے کے عزم کی تعریف کی اور کہا کہ جاپان غیر رسمی تعلیم اور Sustainable Developemnt Goalsکے تحت سو فیصد طلباء کے داخلہ میں بھرپور مدد کریں گے۔ اس موقع پر اسلام آباد کے ڈپٹی مئیر سردار اعظم خان اور سید ذیشان علی نقوی بھی موجود تھے۔ مقامی رہنماشوکت خان نیازی نے این سی ایچ ڈی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تعلیم اس علاقے کی اہم ضرورت ہے۔