خبرنامہ پاکستان

ملک میں آئین، قانون اور عوام کے ووٹ کے تقدس کے خواہاں ہیں، نواز شریف

ملک میں آئین

ملک میں آئین، قانون اور عوام کے ووٹ کے تقدس کے خواہاں ہیں،نواز شریف

اسلام آباد: (ملت آن لائن +اے پی پی) سابق وزیر اعظم مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں آئین، قانون اور عوام کے ووٹ کے تقدس کے خواہاں ہیں، اگر عوام کی آواز نہ سنی گئی تو اس سے غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہوگی۔ منگل کو یہاں احتساب عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں سب کے حقوق یکساں ہیں، ہر ایک کو احتجاج کا حق حاصل ہے اور کسی کو بھی آزادی اظہار سے روکا نہیں جا سکتا، لوگوں کو ان کے آئینی حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ نواز شریف نے کہا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہئے، دنیا بدل رہی ہے جبکہ پاکستان وہیں کھڑا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم سب کو برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہئے، ہم ملک کے مفاد کی خاطر برداشت کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ملک کو غیر یقینی کی صورتحال سے بچانے کے لئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، اگر لوگوں کی آواز نہ سنی گئی تو اس سے غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تمام رکاوٹوں کے باوجود کامیابی حاصل کرے گی۔۔ اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بینک بدستور قائم ہے جو لوگ مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ رہے ہیں، پارٹی کا ووٹ بینک ان کے ساتھ نہیں جائے گا۔