خبرنامہ پاکستان

ملک میں آزاد جمہوریت کا خواب پوراکرکےرہیں گے:خورشید

اسلام آباد: (اے پی پی) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عوام کے ساتھ ساتھ اداروں کو بھی جمہوریت کی اہمیت کی سمجھ آنا شروع ہوگئی ہے پی پی ملک میں آزاد اور مضبوط جمہوریت کا خواب پورا کر کے ہی دم لے گی ۔ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے 63 ویں یوم پیدائش پر ایک پیغام میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملک پر آج عوام ، اَئین اور پارلیمنٹ کی حکمرانی ہے تو یہ بے نظیر بھٹو کی جدوجہد کا ثمر ہے ، بے نظیر بھٹو کی پیدائش کا دن اس ملک سے جبر ، ظلم اور آمریت کی رخصتی کا بھی دن ہے ، کوئی نہیں جانتا تھا کہ ضیا الحق جیسے سفاک اَمر کو بے نظیر کے ہاتھوں تاریخ میں دفن ہونا تھا ، ملک میں آزاد اور مضبوط جمہوریت کا خواب پورا کر کے ہی دم لیں گے ۔ عوام کے ساتھ ساتھ اداروں کو بھی جمہوریت کی اہمیت کی سمجھ آنا شروع ہوگئی ہے اس لئے اب ہر ادارہ اور ہر فرد آئین کی حفاظت بہتر انداز میں کرنے کیلئے پر عزم ہے ، ہم آج عہد کرتے ہیں ان کے جمہوری اصولوں کی ہمیشہ پاسداری کریں گے ۔