خبرنامہ پاکستان

ملک میں دو ہی جماعتیں اقتدار میں آتی رہیں اور دونوں ہی نے غلطیاں کی ہیں، چیف جسٹس

اسلام آباد:(آئی این پی) چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمال نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ملک میں دو ہی جماعتیں اقتدار میں آتی رہی ہیں اور دونوں ہی نے غلطیاں کی ہیں۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے سندھ میں میئر اور ڈپٹی میئر کے طریقہ انتخاب سے متعلق مقدمے کی سماعت کی، سماعت کے دوران بابر اعوان ایڈووکیٹ نے جب اپنے دلائل میں کہا کہ شفاف انتخابات کے لئے شو آف ہینڈ ضروری ہے تو چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ شو آف ہینڈ ضروری ہے تو 2013 کے عام انتخابات کو کیوں تسلیم کیا گیا، شفافیت کے لئے تو پھر مردم شماری بھی ضروری ہے، 1998 میں آخری مرتبہ مردم شماری ہوئی ، جس کے بعد اگلی مردم شماری 2008 میں ہونا تھی لیکن نہیں ہوئی۔ اگر عدالت نے مردم شماری کرانے کا حکم دے دیا تو ملک کہاں کھڑا ہو گا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ملک میں 2 سیاسی لگاتار حکومت کرتی آ رہی ہیں اور دونوں سے ہی غلطیاں ہوئی ہیں۔ ملک میں اصلاحات کی ضرورت ہے، صاف شفاف اورغیر جانبدار الیکشن یقینی بنانا الیکشن کمیشن کاکام ہے، عدلیہ پر تنقید کی جاتی ہے اور کہا جاتا ہے کہ نوٹس لے لیں۔ نظام لولا لنگڑا ہی سہی مگر اسے چلنا چاہیے۔