خبرنامہ پاکستان

ملک میں مہنگائی کی شرح 46 برسوں کی کم ترین سطح پر:ادارہ شماریات

اسلام آباد:(اے پی پی) چیف ادارہ شماریات آصف باجوہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں رواں برس مہنگائی کی شرح گزشتہ 46 برسوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ادارہ شماریات کی جانب سے گزشتہ ماہ جون میں ہونے والی مہنگائی سے متعلق جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی کی نسبت جون 2016 میں مہنگائی کی شرح 0.64 فیصد رہی جب کہ گزشتہ سال جون کی نسبت رواں سال مہنگائی کی شرح 3.19 فیصد بڑھ گئی ہے۔ ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ٹماٹر کی قیمتوں میں 61 فیصد، آلو 45 فیصد جب کہ انڈوں کی قیمت میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تازہ سبزیوں کی قیمت میں 5.9 جب کہ تازہ فروٹ کی قیمتوں میں 2.51 فیصد اضافہ ہوا، بیسن کی قیمت میں 2.39 فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق جن اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں مرغی کی قیمت میں 6.47 فیصد اورپیاز کی قیمت میں 2.22 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔ چیف ادارہ شماریات آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ ایک سال میں چنے کی دال 50، ماش 48 بیسن 41 جب کہ چنا 42 فیصد مہنگا ہوا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے رواں سال مہنگائی کی شرح گزشتہ 46 سال میں کم ترین رہی۔