خبرنامہ پاکستان

ملک کو بحرانی کیفیت سے نکال کر سماجی اور معاشی ترقی پر گامزن کردیا، وزیراعظم

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے ملک کو بحرانی کیفیت سے نکال کر سماجی اور معاشی ترقی پر گامزن کردیا، ماضی کی نسبت آج کے پاکستان کو مختلف نظرسے دیکھا جا رہا ہے، امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا،زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ میں سب سے اونچی سطح پر ہیں، افراط زر میں کمی اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے بڑے منصوبوں کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کمیشن کی انڈر سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شمشاد اختر نیکہا کہ بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کرنے پر وزیراعظم کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہیں، پاکستان چین اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں اقتصادی ترقی ہو گی۔ بدھ کو وزیراعظم محمد نواز شریف سے اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کمیشن برائے ایشیاء اور پیسیفک کی انڈر سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شمشاد اختر نے یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کی سماجی، معاشی ترقی کے اہداف کے حصول میں اقوام متحدہ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خاتون کا اقوام متحدہ کے ادارے برائے اقتصادی و سماجی کمیشن میں پہنچنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے قومی ترقی میں معاشی خوشحالی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو درپیش چیلنجز پر کامیابی سے قابو پا کر سماجی اور معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کردیاہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالا،آج کا پاکستان ماضی کی نسبت مختلف نظرسے دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ ہماری حکومت نے سماجی شعبے میں اصلاحات کے پروگرام پر خصوصی توجہ دی، صحت اور تعلیم کے شعبے میں اٹھائے گئے حالیہ اقدامات سے عوام کو بھرپور فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جدوجہد کی وجہ سے زر مبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ میں سب سے اونچی سطح پر ہیں۔ملک کو توانائی بحران سے نکالنے کیلئے توانائی کے بڑے منصوبوں کا آغاز کر دیا ہے،ملک میں عوام کو غربت سے نکالنے کیلئے حکومتی اقدامات کی وجہ سے افراط زر میں کمی ہوئی۔اس موقع پر اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کمیشن کی انڈر سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شمشاد اختر نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کرنے پر وزیراعظم نواز شریف کے قائدانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے علاقائی رابطے اور سماجی و معاشی ترقی بہترہو گی، جس سے خطہ اقتصادی ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطہ اقتصادی ترقی کرے گا۔ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف سے کہا کہ خطے کے ممالک علاقائی تعاون کے فروغ میں آپ کے قائدانہ کردار کے معترف ہیں۔شمشاد اختر نے کہا کہ تاپی اور اقتصادی راہداری جیسے منصوبے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، جس سے لاکھوں لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔(اح)