خبرنامہ پاکستان

ملک کےمختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کی پیشنگوئی؛محکمہ موسمیات

ملک کےمختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کی پیشنگوئی؛محکمہ موسمیات
اسلام آباد: (ملت آن لائن) محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشنگوئی کی ہے، بارش اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث شہری علاقوں میں چھائی ہوئی سموگ بتدریج ختم ہو جائے گی۔ ملک کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی بارش ہوئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فیصل آباد، بہاولپور، ڈی جی خان، کوہاٹ، ڈی آئی خان، سکھر لاڑکانہ، کوئٹہ، قلات، ژوب اور سبی ڈویژن میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں ژوب کے مقام پر 28 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ سبی 11، بارکھان، قلات 07، کوئٹہ 04، لسبیلہ، دالبندین 01، پنجاب میں لیہ کے مقام پر 16، ڈی جی خان 12، کوٹ ادو 11، خان پور09، شورکوٹ 08، بھکر 07، ملتان 06، بہاولپور 03، ٹوبہ ٹیک سنگھ 02، جھنگ01، خیبرپختونخوا میں ڈی آئی خان کے مقام پر 13 اور بنوں میں01، سندھ میں جیکب آباد کے مقام پر 06، موہنجوداڑو 04، لاڑکانہ 03، روہڑی اور سکھر میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ بارش اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث شہری علاقوں میں چھائی ہوئی سموگ بتدریج ختم ہو جائے گی۔ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب (راولپنڈی، لاہور، گوجرنوالہ، فیصل آباد، سرگودھا ڈویژن)،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ منگل کو ملک میں سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کالام، قلات اور گوپس میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔