خبرنامہ پاکستان

ملک کے بیشترعلاقے آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں

اسلام آباد:(آئی این پی ) پاکستان بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور آج بھی ملک کے بیشتر حصوں خصوصا پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے میدانی علاقوں میں سورج آگ برسا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور گرم ہے جب کہ گرمی کی یہ لہر آئندہ دو روز تک جاری رہے گی جس میں پنجاب کے میدانی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔ پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری براہ راست سورج کے سامنے جانے سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ پی ڈی ایم اے نے تمام کمشنرز اور ڈی سی اوز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو پانی کی کمی سے بچنے کیلئے آگاہی فراہم کی جائے۔ آج سب سے زیادہ درجہ حرارت کوٹ ادو میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ڈی جی خان میں 47، ملتان میں 46، اوکاڑہ اور رحیم یار خان میں 45، فیصل آباد، بہاولپور، جھنگ لیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اور ساہیوال میں 44، لاہور اور جہلم میں 42 جب کہ راولپنڈی میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاڑکانہ میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ تربت، جیکب آباد اور موئن جوڈرو میں 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ سکھر، بہاول نگر، رحیم یار خان اور دادو میں 50 ڈگری جب کہ روہڑی، پڈ عیدن، بکھر اور کوٹ ادو میں پارہ 49 ڈگری کو چھو سکتا ہے۔ شہید بے نظیر آباد، خان پور، ڈی جی خان، نورپورتھل اور شور کوٹ میں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جب کہ مٹھی، حیدر آباد، ڈی آئی خان، ملتان اور کوہاٹ میں 47، اسلام آباد میں 41، لاہور میں 45، پشاور میں 44 اور کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ شدید گرمی کے خدشے کے پیش نظر پنجاب کے تمام سرکاری اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کر دیئے گئے ہیں۔ نئے شیڈول کے مطابق اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں صبح 7 بجے سے 11 بجے تک جاری رہیں گی جب کہ 11 بجے کے بعد کسی بھی قسم کی تعلیمی سرگرمی نہیں ہوگی۔ گزشتہ روز حکومت سندھ نے بھی شدید گرمی کے باعث تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات 11 روز پہلے ہی کرنے کا اعلان کردیا تھا۔