اسلام آباد:(ملت آن لائن) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقے بدستور سردی کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ بالائی علاقوں میں شدید برفباری ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں ٹھنڈ کی شدت میں اضافہ ہوگیا، شہریوں نے سردی کی توڑ کے لیے گرم کپڑے نکال لیے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو میں پارہ منفی دس ڈگری تک گرگیا، گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں خشک سردی کی حالیہ لہر مزید چند روز جاری رہنے کا امکان ہے۔
گلگت اور اسکردو میں بارش کا امکان ہے، کوئٹہ، قلات اور دیر میں سردی میں مزید اضافے کی توقع ہے، جبکہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، گوجرانولہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ملتان، ڈی جی خان، ساہیوال اور بہاولپور میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند متوقع ہے۔
گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی دس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا تھا۔
شہر قائد میں بھی سردی نے اپنی موجودگی کا احساس دلا دیا ہے، رات گئے ہلکی ٹھنڈ اور دھند نے شہریوں کو گھروں میں قید کردیا۔