خبرنامہ پاکستان

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا
لاہور:(ملت آن لائن) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ باغوں کے شہر لاہور میں صبح ہی سے سورج کرنیں بکھیر رہا ہے۔ روپہلی دھوپ اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم دلفریب بنا رکھا ہے۔ ادھر پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند کا راج رہا۔ جڑواں شہر اسلام آباد راولپنڈی سمیت لاہور میں مطلع صاف اور قدرے سرد ہے۔ کراچی میں سرد ہواؤں چلنے کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت مزید گرے گا، شہر میں سردی بڑھ رہی ہے موسم خشک رہے گا۔ رات میں درجہ حرارت مزید کم ہو رہا ہے۔ آج کراچی میں کم از کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں کم از کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق سرد ترین مقامات قلات منفی 07، سکردو، گلگت منفی 05، استور، کوئٹہ، کالام میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔