خبرنامہ پاکستان

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا،محکمہ موسمیات

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا جبکہ پنجاب کے میدانی اور بالائی سندھ کے بیشتر علاقے دھند کی لپیٹ میں رہے۔ پیر کو ملک میں ریکارڈ کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق سکردو میں درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ، ہنزہ، گلگت ،گوپس منفی5، استورمنفی 4، دیر، کالام منفی 3، قلات، بگروٹ منفی 2، چترال، مالم جبہ اور راولاکوٹ میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔