خبرنامہ پاکستان

ملک کے مختلف اضلاع میں بارشیں ،خاتون اور دو بچیاں جاں بحق

اسلام آباد(اے پی پی ) ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بارش سے مختلف حادثات میں خاتون اور دو بچیاں جاں بحق ہوگئیں،پانی سڑکوں پر جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل گرجے بھی اور برسے بھی۔بھکر میں بھی رم چھم سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا،کچے مکان کی دیوار گرنے سے ایک بچی جاں بحق اور 4 بچیاں زخمی ہوگئیں۔ لیہ میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون اور ایک بچی جاں بحق اور 2 بچے زخمی ہوگئے۔ ملتان میں کالے باد جم کر برسے، سڑکوں پر بارش کا پانی جمع گیا،مظفر گڑھ میں کالے بادلوں کی گھٹا چھائی اور دیکھتے ہی دیکھتے برسات کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ گوجرانوالہ میں بادلوں نے فضا کو آبر آلود کیا،تیز ہواؤں کے جھونکوں سے درخت لہرانے لگے اوربرکھارت نے ہر طرف جل تھل ایک کردیا۔سیالکوٹ میں بھی ہلکی بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔ ڈیرہ غازی خان شہرسمیت کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش ہورہی ہے۔پاکپتن اورگردونواح میں گرج چمک کےساتھ تیزبارش جاری ہیں۔پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی کہیں ہلکی تو تیز بارشیں ہورہی ہیں۔ سوات اور مالاکنڈ ڈویژن میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام سرکاری محکموں کو الرٹ جاری کردیا گیا۔ سندھ کے شہرلاڑکانہ، جیکب آباد، خیر پور، ٹھری میرواہ سمیت دیگر شہروں میں بھی برساتی بادلوں نے رخ کیا،کہیں بادل برسے اور کہیں ابھی انتظار ہے۔خیر پور میں اولے بھی گرے ۔ ضلع اپر دیر اور لوئر دیر موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں میں طغیانی آگئی،مقامی شہری چھتریاں لے کر باہر نکل رہے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی پھوار سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ حب اور بیلہ میں موسلادھار بارش ہوئی نے ہر طرف جل تھل کردیا۔ شہر کو ملانے والی سڑک شاہ نورانی کے قریب کے متعدد علاقے زیر آب آگئے۔ مری اور مظفر آباد میں بارش کے بعد ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو ایک بار پھر سرد کردیا ہے۔چترال اورضلع غذر کے پہاڑوں اور قبائلی علاقے پاراچنار میں بارش سے موسم کافی سرد ہوگیا،شہری گرم چادر اور ٹوپیاں پہن کر گھروں سے باہر نکل رہے ہیں۔