خبرنامہ پاکستان

ملک کے مختلف علاقوں میں برفباری

ملک کے مختلف علاقوں میں برفباری
اسلام آباد:(ملت آن لائن) ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے جب کہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا ہے۔ پنجاب سمیت اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ روز سے کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کاسلسلہ جاری ہے جب کہ ملکہ کوہسار مری میں وقفے وقفے سے برفباری ہورہی ہے اور درجہ حرارت منفی 2 تک گرگیا ہے۔ برفباری کے باعث دھند نے ڈیرے جمالیے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ادھرپنجاب کے علاقوں، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، خوشاب، میانوالی اور بھکر میں بھی صبح اور شام کے اوقات میں گہری دھند چھانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش جہاں سردی کا سبب بنی ہے وہیں پہاڑی علاقوں میں برف کی سفیدی بکھری ہے۔ سوات کے علاقوں مالم جبہ، کالام میں ایک ایک فٹ، مہو ڈنڈ اور گبرال میں2 فٹ برف پڑ چکی ہے۔ دیر اپر اور دیربالا میں بھی پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ سرد ترین مقامات قلا ت میں درجہ حرارت منفی 09، کوئٹہ میں منفی 07، دالبندین میں منفی 05ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں ہفتے کے روز ہونے والی بارش نے موسم کو سرد کردیا ہے بارش کے باعث میدانی علاقوں میں سرد ہوائیں چل رہی ہیں اور درجہ حرارت کم ہوگیا ہے سردی کی شدت میں اضافے کے باعث پشاور میں سوئی گیس کی قلت پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے لوگوں کوپریشانی کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ اور بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہا ٹ ڈویژن، فاٹا میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو گی۔ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا ڈویژن، اسلام آباد، کشمیراور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر بادل برسیں گے۔ فیصل آباد سمیت چاروں اضلاع میں دھند چھاگئی، دھند کے باعث ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر اورنواحی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ دھند کے باعث حد نگاہ محدود ہو کررہ گئی ہے جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ شہریوں کو آفس جانے اوربچوں کو اسکول جانے میں مشکلات کاسامنا کر نا پڑرہا ہے۔ شہر کادرجہ حرارت 10ڈگری سینٹی گریڈ ریکار ڈ کیاگیا ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ شہری علاقوں میں دھندکم ہونے سے حدنگاہ 4سومیٹر تک رہ گئی ہے جب کہ دیہی علاقوں میں ابھی تک دھند چھائی ہوئی ہےاسی طرح جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے علاقے بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دھند کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے سرگودھا شہر اور گردونواح میں ہر طرف دھند کا راج ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیاہے۔ دھند کے باعث حد نگاہ محدود ہو جانے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات کاسامنا کر نا پڑرہا ہے۔ سرگودھا ڈویژن کے اضلاع خوشاب، میانوالی اور بھکر میں بھی صبح سویرے سے گہری دھند چھائی ہوئی ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہواہے۔ ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری ڈرائیونگ سے پرہیز کیا جائے جب کہ دوران ڈرائیونگ گاڑیوں کی فوگ لائیٹس آن رکھی جائیں۔ ملک بھر میں جہاں بارش کے باعث سردی نے ڈیرے جمائے ہیں وہیں کراچی میں بھی صبح سے ہونے والی بوندا باندی کے باعث ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بوندا باندی کا سلسلہ کچھ دیر میں تھم جائے گا تاہم شہر قائد میں آج کہیں بھی تیز بارش کا امکان نہیں ہے۔ شمال مشرق کی جانب سے چلنے والی ہواؤں کے باعث کراچی کا موسم دوپہر تک پھر سے سرد اور خشک ہوجائے گا۔