خبرنامہ پاکستان

ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان

راولپنڈی:(آئی این پی) راولپنڈی اسلام آباد میں بادلوں کی سورج کے ساتھ آنکھ مچولی جاری ہے ، آج جڑواں شہروں ، مالاکنڈ ، ہزارہ ، لاہور ، سکھر ، میر پور خاص ڈویژن ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ راولپنڈی اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود ہے ، آج صبح جڑواں شہروں میں درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو دن کے وقت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے ۔ موسم کا حال بتانے والوں نے پیشگوئی کی ہے کہ جمعرات کو اسلام آباد ، مالاکنڈ ، ہزارہ ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، لاہور ، بہاولپور ، سکھر ، شہید بینظیر آباد ، میر پور خاص ڈویژن ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ آج بھی پنجاب ، خیبر پختونخواہ اور بالائی سندھ میں بارش کے ساتھ تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔ اس لئے کسانوں کو چاہئے کہ کٹائی کی ہوئی گندم کی فصل کی بھریاں باندھ کر کھڑا کر کے ڈھیر لگا دیں اور بھوسے کو مٹی سے ڈھانپ دیں ۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی پڈعیدن میں پڑی جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ تربت ، میرپور خاص 42 ، دادو ، حیدر آباد ، لسبیلا اور میٹھی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔