خبرنامہ پاکستان

ممبران الیکشن کمیشن کا تقررپھرسےتشکیل نو

اسلام آباد (آئی این پی) الیکشن کمیشن اراکین کی تقرری کیلئے پارلیمانی کمیٹی میں ردوبدل ،12رکنی کمیٹی میں سینیٹر عائشہ رضا فاروق کی جگہ وزیر اطلاعات پرویز رشید، تحریک انصاف کے شہریار آفریدی کی جگہ شاہ محمود قریشی کو شامل کرلیا گیا۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن اراکین کی تقرری کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے ہونے والے اجلاس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی جماعتوں کی درخواست پر کمیٹی میں مزید ردوبدل کی منظوری دے دی ۔کمیٹی سے مسلم لیگ (ن) نے سینیٹر عائشہ رضا فاروق کا نام واپس لے لیا ہے جبکہ ان کی جگہ وزیر اطلاعات پرویزرشید کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے شہریار آفریدی کا نام واپس لے کر شاہ محمود قریشی کا نام شامل کردیا ہے۔ 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی اپنے پہلے اجلاس میں چیئرمین کا انتخابات کرے گی جبکہ اجلاس میں ضابطہ کار کی بھی منظوری دی جائے گی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران کی مدت ملازمت 12 جون کو ختم ہو چکی ہے اور نئے ممبران کی تقرری نہ ہونے کے باعث الیکشن کمیشن عملی طور پر غیر فعال ہو چکا ہے۔(اح)