خبرنامہ پاکستان

ممنون حسین کی صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ بننے پر مبارک باد

ممنون حسین کی صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ بننے پر مبارک باد

اسلام آباد:(ملت آن لائن) صدر مملکت ممنون حسین نے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے چیئرمین کا کردار بہت اہم ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر ممنون حسین نے نومنتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی اور انہیں ایوانِ بالا کا سربراہ بننے پر مبارک باد پیش کی۔ ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے چیئرمین سینیٹ کا کردار بہت اہم ہے کیونکہ ایوانوں کی مضبوطی میں ہی جمہوریت کی مضبوطی پوشیدہ ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ہی صحیح معنوں میں عوام کی نمائندگی کرتی ہے، توقع ہے کہ چیئرمین سینیٹ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بہترین قانون سازی کریں گے۔ صادق سنجرابی نے صدرِ مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ وارانہ ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کروں گا اور ملکی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی فلاح کے لیے اقدامات بھی کروں گا۔ خیال رہے کہ 12 مارچ کو ایوانِ بالا کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کی نامزدگی کے لیے آئینی طریقہ کار کے تحت ووٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں 103 سینیٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ سینیٹ انتخابات میں متحدہ اپوزیشن کے امیدوار میر صادق سنجرانی 57 ووٹ لے کر چیئرمین اور سلیم مانڈوی والا 54 ووٹ لے کر ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔
عمران خان وفاق کی علامت کے طور پر ابھرے ہیں، صادق سنجرانی
حکومتی جماعت اور اُس کے اتحادی اراکین نے چیئرمین سینیٹ کے لیے منعقد ہونے والے انتخابات کو سازش اور جمہوریت کے ساتھ سازش قرار دیا تھا، مسلم لیگ ن کے وفاقی وزراء اور پارٹی رہنماؤں نے نتائج سامنے آنے کے بعد مشترکہ اپوزیشن اور اُن کے امیدواران پر الزامات عائد کیے جبکہ حکومتی جماعت کی جانب سے نامزد کردہ امیدوار راجہ ظفر الحق نے شکست کے بعد نومنتخب چیئرمین کو مبارک باد پیش کی تھی۔
صادق سنجرانی کون ہیں؟
میر صادق سنجرانی کا تعلق بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی سے ہے، ان کے والد خان محمد آصف سنجرانی کا شمار قبائلی رہنما میں ہوتا ہے اور وہ ان دنوں ضلع کونسل چاغی کے رکن ہیں۔ میرصادق سنجرانی 14اپریل 1978 کوبلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم نوکنڈی میں حاصل کی، بعد ازاں انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی سے ایم اے کیا۔
میرصادق سنجرانی : شکایات سیل کے سربراہ سے چیئرمین سینیٹ تک
میرصادق سنجرانی پانچ بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں، ان کے ایک بھائی اعجاز سنجرانی ہیں جو نواب ثنا اللہ زہری کے دور حکومت میں محکمہ ریونیو کے مشیر بنے، حکومت کی تبدیلی کے باوجود وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے انہیں اس عہدے پر برقرار رکھا۔ اس کے علاوہ میر صادق سنجرانی کے ایک بھائی محمد رازق سنجرانی سینڈک پروجیکٹ کے ایم ڈی رہے ہیں، میر صادق سنجرانی 1998 میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے کوآڈینیٹر رہ چکے ہیں۔ دریں اثناء سال 2008میں جب یوسف رضا گیلانی وزیراعظم پاکستان بنے تو ان کی جانب سے قائم کئے گئے شکایات سیل کا سربراہ میر صادق سنجرانی کو بنایا گیا تھا اور وہ پانچ سال تک اس سیل کے سربراہ رہے۔ میر صادق سنجرانی کا نام بطور امیدوار چیئرمین سینیٹ وزیراعلٰی بلوچستان نے دیا تھا جس پر پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ نے ان کی حمایت کا اعلان کیا۔