خبرنامہ پاکستان

ممکنہ دھرنا: عمارتیں خالی کر کے 23اکتوبر تک ضلعی انتظامیہ کے حوالے کردی جائیں

اسلام آباد (ملت + آئی این پی )اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے مختلف محکموں کو کہاہے کہ وہ ممکنہ دھرنے کے پیش نظر فورسز کیلئے عمارتیں خالی کردیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے مختلف محکموں کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ دھرنے کے پیش نظر فورسز کیلئے عمارتیں خالی کردیں۔خط کے متن میں ڈی جی اسٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو عمارت خالی کرنے کا کہا گیا ہے۔اس حوالے سے جوائنٹ سیکریٹری مذہبی امور،ڈی جی اسپورٹس بورڈ اور پروجیکٹ ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو بھی خط لکھا گیا ہے۔خط کے متن کے مطابق سرکاری عمارتیں 23اکتوبر تک ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے حوالے کردی جائیں، یہ عمارتیں دھرنا ختم ہونے تک ضلعی انتظامیہ کے زیراستعمال رہیں گی۔ذرائع کے مطابق اس ضمن میں وفاقی پولیس نے وزارت داخلہ کو درخواست کی ہے کہ صوبوں سے 25 ہزار اضافی پولیس کی نفری چاہیے۔