خبرنامہ پاکستان

منتخب وزیراعظم کو غدار کہنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، بلاول

اسلام آباد: ملت+‌مانیٹرنگ…چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ انکل الطاف کو کبھی غدار نہیں کہا وہ کراچی کی سیاسی حقیقت تھے اور ہیں۔

چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی جس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور قمر زمان کائرہ سمیت پارٹی کے دیگر رہنما موجود تھے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں یہاں کوئی سازش کرنے نہیں آیا اور کوئی بیک ڈور معاملہ بھی نہیں، آل پارٹیز کانفرنس میں ہم نے مل کر کام کیا، آج ان سے کشمیر کے معاملے پر بات چیت ہوئی جب کہ مولانا سے درخواست کی کہ پاناما ایشو پر نوازشریف کو سمجھائیں۔

ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف اور نہ ہی انکل الطاف کو کبھی غدار کہا، نوازشریف سے بہت اختلافات ہیں لیکن کبھی منتخب وزیراعظم کو غدار کہنے کا سوچ بھی نہیں سکتا اور میں نے صرف یہ کہا تھا کہ مودی کے یار کو ایک دھکا اور دو جب کہ الطاف حسین کراچی کی ایک سیاسی حقیقت تھے اور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قومی مفاد کو خود توڑا تھا اور شہید محترمہ اور پارٹی کے خلاف بول کر پیپلزپارٹی والوں کو جذباتی کیا جس سے ان کا رد عمل سامنے آیا جب کہ عمران خان نے گزشتہ روز بہت غلط پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ مائنس ون فارمولا تو ہمارے خاندان میں ہوتا چلا آرہا ہے، پہلے میرے نانا ذوالفقار علی بھٹو کو مائنس کیا گیا پھر ماموں مرتضیٰ بھٹو، شہید بینظیر بھٹو اور آج کہہ رہے ہیں زرداری کو مائنس کردو، کل کہہ دیں گے بلاول کو مائنس کردو۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قومی معاملات میں پیپلزپارٹی کاکردار قابل ستائش ہے جب کہ مستقبل میں بھی پیپلزپارٹی سے بہترروابط رکھیں گے۔

واضح رہے کہ مسئلہ کشمیر اور بھارتی جارحیت کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اہم کردار ادا کیا تھا۔