خبرنامہ پاکستان

منگلا ڈیم بجلی کی پیداوارمتاثرہونےکا خدشہ

اسلام آباد:(اے پی پی) منگلا ڈیم کے کنارے خالق آباد روڈ تعمیر نا ہونے کے باعث واپڈا نے منگلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کا عمل روک دیا ہے جس کے باعث اربوں روپے مالیت کا پانی ضائع اور پن بجلی کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ارسا حکام کے مطابق منگلا ڈیم میں قابل استعمال پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ایک ہزار 240 فٹ ہے لیکن میرپور کے نزدیک منگلا ڈیم پر خالق آباد روڈ ٹوٹنے کے باعث ایک ہزار 214 فٹ پانی ذخیرہ ہورہا ہے، ارسا کی ہدایت کے باوجود واپڈا کی جانب سے اس سڑک کی تعمیر مکمل نہیں ہوسکی جس کے باعث ڈیم میں گنجائش کے مطابق پانی ذخیرہ نہیں ہورہا۔ خالق آباد روڈ کی تعمیر ہونے تک ناصرف اربوں روپے مالیت کا پانی ضائع ہو جائے گا بلکہ ملک کو پن بجلی کی پیداوار کی مد میں بھی اربوں روپے کا نقصان ہوگا۔ ارسا نے خالق آباد روڈ تعمیر نا کرنے پر واپڈا سے شدید احتجاج کیا ہے اور واپڈا کو30جون تک مہلت دی گئی ہے کہ وہ خالق آباد روڈ کی کنکریٹ کا کام مکمل کرے تاکہ 30جون کے بعد ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کا عمل شروع ہو سکے۔