خبرنامہ پاکستان

منی لانڈرنگ کیس میں سی ای او ایگزیکٹ کے پیش نہ ہونے پر عدالت برہم

منی لانڈرنگ کیس

منی لانڈرنگ کیس میں سی ای او ایگزیکٹ کے پیش نہ ہونے پر عدالت برہم

کراچی:(ملت آن لائن) منی لانڈرنگ کیس میں ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کے پیش نہ ہونے پر سندھ ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی جس میں ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر معاون وکیل کا کہنا تھا کہ انور منصور خان سپریم کورٹ میں مصروف ہیں لہذا سماعت ملتوی کردی جائے، عدالت نے کہا کہ ہمارے پاس سپریم کورٹ کی ہدایات ہیں، سماعت کیسے ملتوی کرسکتے ہیں، ہمیں سپریم کورٹ کی طے کردہ مقررہ مدت میں فیصلہ کرنا ہے۔ شعیب شیخ کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے استفسار کیا کہ شعیب شیخ کہاں ہیں جس پر شوکت حیات نے عدالت کو بتایا کہ شعیب شیخ کل سپریم کورٹ میں تھے اس لیے پیش نہیں ہوسکے اور کل بھی سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت ہے۔ عدالت نے ملزمان کے وکلاء کی استدعا پر سماعت پیر کے لیے ملتوی کرتے ہوئے وکلاء کو تنبیہہ کی کہ شعیب شیخ پیر کو ہر صورت پیش ہوں، اگر شعیب شیخ پیر کو نہ آئے تو قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔