خبرنامہ پاکستان

موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں سے پاکستان قرضوں کی دلدل میں دھنس چکا ہے:شاہ محمود قریشی

پنڈی گھیب (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئر مین اور سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث پاکستان قرضوں کی دلدل میں دھنس چکا ہے، گذشتہ ڈھائی سالوں میں 45 ہزار ارب روپے کے قرضہ جات لے کر معاشی ترقی کے جھوٹے دعوے کیئے جارہے ہیں، بیرونی سرمایہ کاری نہ ہو نے کے برابر ہے، دیہاتی علاقوں میں بیروزگاری اور زبوں حالی کے باعث لوگ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔وہ پنڈی گھیب میں سابق صوبائی وزیر کرنل (ر)ملک محمد انور خان کی رہائشگاہ پر مقامی صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی کے تناسب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 20 روپے تک کی کمی ممکن ہو سکتی جبکہ ابتک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچے ایمنسٹی سکیم کے تحت 10 لاکھ تاجروں کو رجسٹرڈ بنانے کے پروگرام میں صرف 2100 تاجر رجسٹرڈ ہو سکے چوروں کو سہا را دینے کے لیئے اس ناکام سکیم کا آٹھویں مرتبہ اجراء کیا گیا۔ خا رجہ پالیسی میں ایک طرف تو ہندوستان سے دوستی کی باتین کیجاتی ہیں مگر کشمیر جیسے بنیادی مسئلے کو پس پشت ڈال کر نظریہ پاکستان کو ٹھیس پہنچائی جاتی ہے ملک کا وزیر خارجہ نہ ہونے کے باعث آرمی چیف کو افغانستان ،امریکہ اور سنٹرل ایشیاء کے معاملات میں اثر انداز ہونا پڑتا ہے عمران خان اور انکے ساتھیوں کے 126 دنوں کے دھرنے کے بعد جوڈیشنل کمیشن وجود میں آیا جس نے پورے ملک کے چار بڑے انتخابی حلقوں میں(ن) لیگی دھاندلی اور الیکشن کمیشن کی کوتائیوں کا پو ل کھول دیا افسوس کا مقام ہے کہ انتخابی عذر داریوں کے سامنے آنے کے باوجود انتخابی اصلاحات کے معاملے پر پیشرفت مایوس کن ہے۔