خبرنامہ پاکستان

مودی سرکار کو مضبوط پیغام نہ دیا گیا تو وہ آئے دن کی جارحیت سے باز نہیں آئے گا‘حافظ محمد سعید

لاہور (ملت + آئی این پی) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کے نتیجہ میں 7پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے وطن عزیزپاکستان کیخلاف کھلا اعلان جنگ قرار دیا اور کہا ہے کہ مودی سرکار کو مضبوط پیغام نہ دیا گیا تو وہ آئے دن کی جارحیت سے باز نہیں آئے گا، سرحدوں پر جارحیت کے حوالہ سے انڈیا کو امریکی شہ حاصل ہے، حکومت، فوج اور عوام سیسہ پلائی دیوار بن کر دفاع پاکستان کا فریضہ انجام دیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی کامیابی سے بھارت سرکار سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ بلوچستان ودیگر علاقوں میں تخریب کاری اور کنٹرول لائن پر جارحیت کے ذریعہ پاکستان پر دباؤ بڑھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن اس کی یہ مذموم سازشیں ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ بھارت سرکار کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔ پاکستانی قوم میں آج بھی 65ء والے جذبے زندہ ہیں اور 18کروڑ پاکستانی عوام اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کو بھارتی دہشت گردی کا مسئلہ بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اٹھانا چاہیے اور آلو پیاز کی تجارت ختم کرکے کنٹرول لائن پر اس کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا چاہیے۔