اسلام آباد:(آئی این پی )سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ مودی نواز فلم زیادہ نہیں چلنے والی، اس کے ڈائریکٹر باہر بیٹھے ہوئے ہیں، بھارت نے ڈیوڈ ہیڈلے کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا، بھارت کے بجائے پاکستان کو اس سے تفتیش کرنی چاہیے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینیٹر اور سابق وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا کہ ڈیوڈ ہیڈلے ملتان کا رہنے والا تھا، جسے بھارت کی خفیہ ایجنسی را نے ٹریننگ دی اور استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بھارت کو بمبئی حملے پر 48 سوالات بھیجے لیکن ان کا جواب نہیں دیا گیا۔رحمان ملک کا کہنا تھا کہ انہوں نے عزیربلوچ کے خلاف کارروائی کی اوراس کے ریڈوارنٹ بھی جاری کرائے، فریال تالپور کے ملک سے باہر جانے پر پابندی کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو قتل کیس میں میں اپنے وکیل کے ساتھ عدالت پیش ہوں گا اور مقدمہ لڑوں گا۔