خبرنامہ پاکستان

مودی کی جنونیت کے باعث بھارت میں کئی اور پاکستان وجود میں آئیں گے ، ظفر ہلالی

اسلام آباد ۔ 19اکتوبر (ملت + اے پی پی) سابق سفیر ظفر ہلالی نے کہا ہے کہ مودی کی جنونیت کے باعث بھارت میں کئی اور پاکستان وجود میں آئیں گے۔ ریڈیو پاکستان کے پروگرام نقطہ نظر میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت میں آر ایس ایس کا سربراہ نریندر مودی انتہا پسند اور جنونی ہے اور وہ پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مودی چاہتا ہے کہ پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کیا جائے اور بھارت میں کوئی بھی مسلمان نہ رہے یہی وجہ ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے اندر مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اگر مسلمانوں کو ان کے حقوق دیئے جاتے تو ہندستان کو تقسیم کرنے کی ضرورت پیش نہ آتی ۔ سابق سفیر نے کہا کہ بھارت میں 15 فیصد مسلمان ہیں اور اہم عہدوں پر صرف دو فیصد کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف یہی اصول اور انتہا پسندی روا رکھی گئی تو پھر آنے والے وقتوں میں بھارت میں کئی نئے پاکستان وجود میں آئیں گے۔ برکس اجلاس کے حوالے سے پو چھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارتی سرکار اس موقع کو غنیمت جان رہی تھی کہ وہ اس فورم کو استعمال کرتے ہوئے رکن ممالک سے پاکستان کے خلاف دہشگردی کا علامیہ جاری کرا لے گا تاہم چین نے روائیتی دوستی کا ثبوت پیش کرتے ہوئے بھارت کو ایسا جواب دیا ہے کہ اسے منہ کی کھانا پڑی ہے۔