اسلام آباد:(اے پی پی)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم سرما مارچ تک پاکستان میں ڈیرے ڈالے رکھے گااور اس برس ایلنینو کے باعث موسم سرما کی بارشیں تاخیر سے ہورہی ہیں ۔موسم سرما اس سال بار بار اپنا رنگ بدلتا رہا، دسمبرمیں خشک سردی کا راج رہا تو جنوری دھند میں لپٹا رہا، پھربالائی علاقوں میں بارشیں اور شمالی علاقوں میں برف باری فروری میں ہوئی ۔ جاڑے کی بارشیں اتنی تاخیر سے ہونے کی وجہ ایلنینوہے،جو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہر 4 سے 5 سال کے بعد آتا ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر محمد حنیف کے مطابق دنیا کے سمندر معمول سے زیادہ گرم یا ٹھنڈا ہو جائےتو موسم میں جو تبدیلی آئے گی وہ ایلنینو کا سال ہو گا۔ اس سے پاکستان میں بارشوں کے ٹائمنگ تبدیل ہو جاتے ہیں۔ماہرین کہتے ہیں کہ ابھی سرما کی بارشیں اور پہاڑوں پر برف باری اور بھی ہو گی، موسم بہار دیر سے اپنے جوبن پرآئےگا۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دس دن میں ایک ایسا بارش کاسپیل آئے گا جس میں لگے گا سردی واپس آ چکی ہے، سردی کا یہ آنا جانا اگلے دو ماہ تک جاری رہے گا ،ونٹر مارچ کے آخر تک چل سکتا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 10 دنوں میں کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں دن کا درجہ حرارت 30 ڈگری سنٹی گریڈ تک پہنچ جائے گالیکن بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری والے دنوں میں کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی ۔