خبرنامہ پاکستان

موسم شدید گرم اورخشک رہنےکی پیشنگوئی:محکمہ موسمیات

اسلام آباد (آئی این پی ) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں (آج ) جمعرات تک موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیشنگوئی کی ، بعض جگہوں پر درجہ حرارت 48 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں بعض مقامات پر گردآلود ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ ملک کے وسطی اور جنوبی میدانی علاقے شدید گرمی کے زیر اثر رہیں گے۔ان علاقوں میں ساہیوال، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ڈی آئی خان، بنوں، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، سبی، نصیر آباد ڈویژن شامل ہیں۔ بدھ اورجمعرات کے روز راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، کوہاٹ، پشاور ڈویژن میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہیگا۔ تاہم آج شام/رات ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد اور کشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، سکھر، میرپور خاص اور حیدر آباد ڈویژن میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقے، وسطی اور جنوبی خیبرپختونخوا، بالائی سندھ،سبی اور مکران ڈویژن شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ گزشتہ روز ریکارڈکیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت میں سبی52، جیکب آباد51، دادو، بہاولنگر، رحیم یارخان، موہنجوداڑو، لاڑکانہ49، روہڑی، بھکر،سکھر اور شہید بینظیرآباد 48 میں درجہ حرارت ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا ۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا تاہم ہزارہ، ڈی جی خان ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش گڑھی دوپٹہ، راولاکوٹ04، ڈی جی خان02، ہزارہ 01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔