خبرنامہ پاکستان

موسم گرم،بدترین لوڈشیڈنگ تاہم ہمارا مزاج پھر بھی اعتدال پر ہے، سراج الحق

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ موسم گرم،بدترین لوڈشیڈنگ تاہم ہمارا مزاج پھر بھی اعتدال پر ہے،پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد گرمی میں مزید اضافہ ہوگا،اگر اتنی تاخیر کے بعد بھی کمیشن بنانا ہے تو پھر شروع میں ہمارا مطالبہ ہی مان لیا جاتا۔وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پانامہ کیس کی مکمل پیروی کی ہے،کوشش یہی ہے کہ ہماری کوششیں بارآور ثابت ہوں اور ملک سے کرپشن کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوجائے،ہم نے پانامہ کیس میں تمام ثبوت اور شواہد جمع کروائے ہیں،اس لیے پوری امید ہے کہ ایسا فیصلہ آئے گا جس سے کرپشن کا راستہ روکنے کیلئے روڈ میپ ملے گا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد گرمی مزید بڑھے گی،موسم گرم ہے،لوڈشیڈنگ ہے پھر بھی ہمارا مزاج اعتدال پراور بلڈ پریشر نارمل ہے،عدالت عظمیٰ جو بھی فیصلے دے گی ہم قبول کریں گے،پانامہ کیس کے فیصلے سے مستقبل پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ججز نے ریمارکس دیئے تھے کہ کمیشن بنانے کی بجائے خود فیصلہ دے سکتے ہیں،اگر کمیشن ہی بنانا ہے تو پھر بہت پہلے ہمارے مطالبے کو مان کر بنالیا جاتا۔