خبرنامہ پاکستان

مولانا کےہوتےہوئےکسی سازش کی ضرورت نہیں: عمران

مظفر آباد:(آئی این پی) آزاد کشمیر کے علاقے پلندری میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کشمیریوں نے آزادی کی جنگ میں بڑی قیمت دی۔ آزادی کی جنگ لڑنے والا کبھی نہیں مرتا اور غلامی قبول کرنے والے کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا۔ نیلسن منڈیلا نے 27 سال آزادی کے لیے جیل میں گزارے لیکن پیچھے نہیں ہٹا۔ جنوبی افریقہ کی تاریخ میں نیلسن منڈیلا کو یاد رکھا جائے گا۔ قائداعظم نے ہمیں آزادی دلوائی اور قائداعظم کو اپنی بیماری کا پتا تھا لیکن سمجھوتہ نہیں کیا بلکہ آخری دم تک لڑے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا حق اور انصاف کے لیے لڑنے والے بلند مرتبے پر فائز ہوتے ہیں ۔ اپنی تقدیر خود بدلنا ہو گی نوجوانوں میں جنون اور سیاسی شعور ہے۔ قوم کو اپنی حالت بدلنے کی خود کوشش کرنا ہو گی۔ ان کا مزید کہنا تھا پاکستان نے عظیم ملک بننا تھا جو ابھی نہیں بنا ابھی جدوجہد کرنی ہے۔ ہم نے حقوق کی جنگ لڑنی اور کرپٹ لوگوں کے سامنے سر نہیں جُھکانا۔ ملک کی سب سے بڑی لعنت کرپشن ہے اور پیسہ چوری کر کے باہر بھیجا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن میں لوگ بکے ہوئے ہیں انہوں نے اپنے ضمیروں کو نیلام کیا ہے اور نادرا میں بھی لوگ ایسے لوگ گھسے ہوئے ہیں۔ کیا انہی لوگوں کیساتھ زندگی گزارنی ہے؟ ۔ عمران خان نے مولانا فضل الرحمان پر پھر تنقید کرتے ہوئے کہا فضل الرحمان کہتا ہے کہ عمران یہودیوں کا سازشی ہے۔ مولانا صاحب آپ کے ہوتے ہوئے کسی سازش کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا وقت آ گیا ہے کہ شخصیات کے بجائے نظریات کو ووٹ دیں۔ بزرگ نوجوانوں کو تحریک انصاف میں آنے سے نہیں روک سکتے۔ بزرگوں سے کہتا ہوں وقت آ گیا آپ بھی تحریک انصاف میں آ جائیں کیونکہ خواتین اور نوجوان پہلے ہی تحریک انصاف کا حصہ ہیں۔