خبرنامہ پاکستان

مکہ مکرمہ پر میزائل حملہ کی کوشش پر مسلم امہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ،پروفیسر حافظ محمد سعید

حرمین شریفین کا تحفظ سیاسی یا علاقائی نہیں ہر مسلمان کے عقیدے و ایمان کا مسئلہ ہے ، پاکستان و دیگر مسلمان ملکوں کو متحد ہو کر سرزمین حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے تحریک آزادی کشمیر مزید تیز ہو گی اور بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کو جلد یہاں سے نکلنا پڑے گا
امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کا ملتان میں کارکنان و ذمہ داران کی تربیتی نشست سے خطاب
لاہور/ملتان (آئی این پی )امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ پر میزائل حملہ کی کوشش پر مسلم امہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔حرمین شریفین کا تحفظ سیاسی یا علاقائی نہیں ہر مسلمان کے عقیدے و ایمان کا مسئلہ ہے۔ پاکستان و دیگر مسلمان ملکوں کو متحد ہو کر سرزمین حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔کشمیریوں کی قربانیوں سے آزادی کے چراغ روشن ہو رہے ہیں۔ تحریک آزادی کشمیر مزید تیز ہو گی اور بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کو جلد یہاں سے نکلنا پڑے گا۔ پاکستان کا ازلی دشمن بھارت سندھ و بلوچستان میں دہشت گردی کے ذریعے ملک کو غیر مستحکم اور پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانا جاتا ہے۔وہ مرکز عثمان بن عفان لاڑ ملتان میں کارکنان و ذمہ داران کی تربیتی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا سیف اللہ خالد، میاں سہیل احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ کشمیر کے اندر ظالم کے ہاتھوں کو توڑنا ضروری ہے ۔ امریکا نے دہشت گردی کے ذریعے ساڑھے 7لاکھ افغان اور عراق میں 10لاکھ مسلمانوں کو قتل کیااور اسی کی شہ پر انڈیا خون بہارہا ہے ۔ انڈیا کا کشمیر کے اندر جاری ظلم کسی کو نظر نہیں آتا اور نہ ہی اس کو کوئی دہشت گرد کہنے کو تیا رہے۔ صرف دہشت گردی کی اصطلاح مسلمانوں کیلئے استعمال کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ہندوستان نے پاکستان کیخلاف ایک خوفناک جنگ شروع کر رکھی ہے اور اسی جنگ کے ذریعے پاکستان کے اندر دہشت گردی پھیلائی جارہی ہے تاکہ پاکستان کو اندرونی طورپر نقصان پہنچایاجائے۔ بھارت اور اس کے حواری بلوچستان کوخاص طور پر ٹارگٹ کئے ہوئے ہیں ۔ وہ چاہتے ہیں کہ بلوچستان میں علیحدگی کی تحریک کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کیاجائے لیکن جب تک پاکستان کے عوام اور پاک فوج موجود ہے بھارت اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں یمن کو بیس بنا کر حرمین شریفین کو نقصان پہنچانے کی خوفناک منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہیں۔ مکہ مکرمہ پر میزائل حملہ کی کوشش سے حوثی باغیوں کے مذموم عزائم دنیاپر واضح ہو گئے۔بیت اللہ اور مسجد نبوی ہونے کی وجہ سے سعودی عرب سب مسلمانوں کا دینی مرکز ہے۔ اس لئے ہم صاف طور پر کہتے ہیں سرزمین حرمین الشریفین پر میزائل حملوں کی کوششیں مسلمانوں کے دل پر ہاتھ ڈالنے والی بات ہے۔غیور مسلمان ایسی مذموم سازشوں کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ یمن میں حوثی باغیوں کو مضبوط کرکے سعودی عرب کے گر د گھیرا تنگ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔حرمین شریفین کے تحفظ کے مسئلہ پر ہمیں ہر قسم کے ذاتی و سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے۔ پاکستان پر جب کبھی بھی کوئی مشکل وقت آیا ہے سعودی عرب ہمیشہ ہمارے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہوا ہے۔ اس وقت جب وہ مشکل صورتحال سے دوچار ہے توپاکستانی حکومت کابھی فرض بنتا ہے کہ وہ تمام مسلم ممالک کا اتحاد بنا کربرادر اسلامی ملک کے ساتھ کھڑاہواور ان کی ہر ممکن مددوحمایت کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں پاکستان کا گھیراؤ کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتیں کر کے کشمیر میں جاری ظلم و بربریت سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ افغانستان میں قائم بھارتی قونصل خانے دہشت گردی کے اڈے بن چکے ہیں جہاں سے دہشت گردوں کو تربیت دیکر بلوچستان، خیبر پی کے او رملک کے دیگر حصوں میں داخل کیا جارہا ہے۔ کلبھوشن جیسے ایجنٹوں کی گرفتاری سے ساری صورتحال واضح ہو چکی ہے۔ حکومت پاکستان انڈیا کی دہشت گردی کو دنیا پر بے نقاب کرنے میں کسی قسم کی مصلحت پسندی سے کام نہ لے۔