خبرنامہ پاکستان

مکی آرتھر نے سہیل خان کو مستقبل کے پلان سے باہر کردیا

مکی آرتھر نے سہیل خان کو مستقبل کے پلان سے باہر کردیا
لاہور:(ملت آن لائن) کوچ مکی آرتھر نے سہیل خان کو ڈھلتی عمر کے سبب مستقبل کے پلان سے باہر کر دیا۔ راولپنڈی میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے ہفتے میں چند میچز کھیلنے والے کئی سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ قومی کرکٹرز بنگلہ دیش کیلیے اڑان بھر چکے ہیں، دیگر ایونٹ کے باقی میچز میں شریک رہیں گے۔ ہیڈکوچ مکی آرتھر نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈومیسٹک اور بی پی ایل مقابلوں کے بعد کرکٹرز کو این سی اے میں بلا کر ٹریننگ اور فٹنس پروگرام پر عملدرآمد کرانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی فتح کے بعد محدود اوورز کی کرکٹ میں سری لنکا پرکامیابیوں کے باوجود ٹیم کو بہتری کی طرف گامزن رکھنے کی ضرورت ہے، کھلاڑیوں کو سہل پسندی کا شکار ہونے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔یاد رہے کہ پاکستان کو آئندہ سیریز کے دوران جنوری میں میزبان نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچزکھیلنا ہیں۔
دوسری جانب مکی آرتھر نے فواد عالم کی فٹنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انھیں میچ کے دوران باؤنڈریز حاصل کرنے کیلیے تکنیک بہتر بنانے کے مشورے دیے، نیٹ سیشنز کے دوران قومی ٹیم سے نظر انداز بیٹسمین کی کارکردگی کو قریب سے دیکھتے ہوئے ہیڈ کوچ نے محسوس کیا کہ 32 سالہ بیٹسمین کی دفاعی تکنیک تو موثر ہے لیکن پل شاٹ سمیت اسٹروکس میں ورائٹی کم ہے جس کی وجہ سے حریف ٹیموںکو حاوی ہونے کا موقع مل سکتا ہے۔
کوچ کے مطابق فاسٹ بولر سہیل خان کی کارکردگی اچھی ہونے کے باوجود ان کو قومی ٹیموں کیلیے منتخب کیے جانے کا امکان نہیں، ماضی میں فٹنس مسائل کی وجہ سے کیریئر داؤ پر لگنے کے بعد کم بیک کرنے والے پیسر 34 سال کے ہو چکے ہیں، دوسری جانب قومی ٹیم میں شامل انڈر 25 بولرز اس وقت بہترین فارم میں ہیں، اس صورتحال میں سہیل خان کیلیے کسی فارمیٹ میں بھی جگہ بنتی نظر نہیں آتی۔
مکی آرتھر کا خیال ہے کہ سہیل خان باصلاحیت ہیں، 10سال قبل ان کے مسائل کا حل تلاش کرکے گرومنگ کی جاتی تو اس وقت تک وہ ایک کامیاب بولر کے روپ میں اپنی پہچان بنا چکے ہوتے لیکن اب ان کو مستقبل کے پلان میں شامل رکھنا مناسب نہیں۔