خبرنامہ پاکستان

مہاجرین کا مسئلہ دنیا کا سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے ، سرتاج عزیز

مشیرخارجہ:(اے پی پی)مشیرخارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پناہ گزینوں اور مہاجرین کا مسئلہ دنیا کا سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے تاہم پاکستان مہاجرین کے مسئلے سے نمٹنے کا طویل تجربہ رکھتاہے۔ نیو یارک میں جاری لیڈرز سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے بتایاکہ پاکستان گزشتہ 4 دہائیوں سےافغان مہاجرین کے مسئلے سے نمٹ رہاہے۔عروج کے وقت پاکستان میں مہاجرین کی تعداد 50 لاکھ تک پہنچ چکی تھی۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت بھی 30 لاکھ افغان مہاجرین موجود ہیں۔پاکستان نے افغان بھائیوں اور بہنوں کی دل کھول کی مدد کی اور افغان مہاجرین پاکستان میں تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ پاکستان میں افغان مہاجرین تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات سے بھرپورفائدہ اٹھا رہے ہیں اور یہاں پر ان کو ملازمت اور کاروبار کے مواقع بھی میسر ہیں۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کی دوتہائی آبادی کیمپوں سےباہررہ رہی ہے مزید یہ کہ ہم افغان مہاجرین کی محفوظ اورباوقار واپسی کےلیے پرعزم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے اقوام متحدہ کی مدد کی ضرورت درکار ہے اور عالمی برادری کی مددسے اس مقصد کےحصول کے لیے پر امید ہیں۔