خبرنامہ پاکستان

مہاجر کمیونٹی کا متحد ہونا خوشی کی بات ہے، پرویز مشرف

مہاجر کمیونٹی کا متحد ہونا خوشی کی بات ہے، پرویز مشرف

اسلام آباد(ملت آن لائن)سابق صدر اور سیاسی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) اور پاک سر زمین پارٹی کے ممکنہ الحاق کے حوالے سے کہا ہے کہ مہاجر کمیونٹی کا اکٹھا ہونا خوشی کی بات ہے۔

پرویز مشرف نے اپنے بیان میں کہا کہ مہاجر قوم کو اکٹھا ہونا چاہیے اور ایک نئی طاقت کو ابھر کر سامنے آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا سیاسی مستقبل نظر نہیں آرہا اور انہیں خوشی ہے کہ ایم کیو ایم (پاکستان) اور پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) مل کر کام کرنے کا سوچ رہے ہیں۔ پرویز مشرف نے مشورہ دیا کہ دیہی سندھ میں طاقت کوابھاریں کیوں کہ پیپلزپارٹی کو ہرا کر حکومت بنائی جاسکتی ہے۔

خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی قائدین نے کراچی پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے کراچی اور سندھ کے مسائل حل کرنے اور دیر پا امن قائم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کا اعلان کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنما گزشتہ دو ماہ سے آپس میں رابطے میں تھے اور دونوں جماعتوں نے کراچی کے معاملے پر مل کر سیاست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔