خبرنامہ پاکستان

مہتاب احمد خان خدمات قابل تحسین ہیں:وزیراعظم نوازشریف

اسلام آباد ۔ (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے خیبر پختونخواکے سابق گورنر مہتاب احمد خان کی صوبے اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا) کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے خدمات کو سراہا ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم نے سابق گورنر کے پی کے کے نام خط میں کہا کہ جمہوریت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے ساتھ ساتھ آئین کے مطابق وفاقیت کی حقیقی روح کی بے لوث پیروی کیلئے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ وزیراعظم نے سردار مہتاب احمد خان کی لگن کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اقدار اور اعلیٰ تصورات کیلئے باعث تقویت قرار دیا۔ وزیراعظم نے پولیو مہم کیلئے سابق گورنر کی معاونت کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سردار مہتاب احمد خان نے آپریشن ضرب عضب کے دوران عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی آباد کاری، واپسی اور بحالی میں جس دلچسپی کا اظہار کیا وہ تادیر یاد رکھی جائے گی۔