خبرنامہ پاکستان

میاں صاحب کو کہا وفاق ہماری طاقت ہے اسے کمزور مت کرو: خورشید شاہ

چارسدہ(ملت + آئی این پی )قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہمار ی سیاست کا محوراس ملک سے غربت کا خاتمہ کرنا ہے ، میاں صاحب آپ پختونخوں کو حقوق نہیں دے رہے ، میاں صاحب کو کہا وفاق ہماری طاقت ہے اسے کمزور مت کرو اور آج مجھے وفاق خطرے میں نظر آرہا ہے ، بلاول بھٹو چارسدہ کے عوام کے ہاتھ میں پیپلزپارٹی کا جھنڈا دیکھنا چاہتے ہیں ، یہاں کے نوجوان بلاول بھٹو کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کریں گے ، وہ پیر کو چارسدہ میں عوامی جلسے سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور ملک سے غربت کا خاتمہ ہے ، ہم صرف باتیں نہیں کرتے بلکہ کام کر کے دکھاتے ہیں ۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ملازمین کی تنخواہوں میں 125فیصد اضافہ کیا اور خیبرپختونخوا کو اپنی شناخت دی ، ہماری حکومت نے اس صوبے کو خودمختار بنایا۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ میاں صاحب کو کہا وفاق ہماری طاقت ہے اسے کمزور مت کرو مگر آج مجھے وفاق پر خطرات منڈلا تے نظر آرہے ہیں ، لاہور میں بنائی جانے والی اورنج ٹرین کے لئے 200ارب روپے مگر غریب پختونخوں کے لئے ایک ارب روپے بھی نہیں ہے، میاں صاحب آپ پختونخوں کو حقوق نہیں دے رہے آپ کو تمام صوبوں کو حقوق دینے پڑیں گے ، سارے ترقیاتی کام صرف لاہور میں ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سال میں 7ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا، ہم نے کسانوں کو خوشحال بنایا مگر اس حکومت نے برباد کر دیا ، کسان آج اپنے آلو اور ٹماٹر سمیت تمام فصلیں جلانے پر مجبور ہیں ۔ خورشید شاہ نے کہا کہ بادشاہوں کو کسانوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے ، صرف نعرے لگانے سے تبدیلی نہیں آتی عملی طور پر ثابت کرنا پڑتا ہے ۔