خبرنامہ پاکستان

میاں محمد شہباز شریف لندن سے وطن واپس پہنچ گئے

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف لندن سے واپس وطن پہنچ گئے ہیں۔ شہباز شریف 16 جون کو کلثوم نواز کی عیادت کیلئے لندن گئے تھے۔

شہباز شریف ، نواز شریف کی ہدایت پر لندن سے لاہور پہنچنے ہیں، گزشتہ روز باغی ن لیگی رہنما زعیم قادری کی جانب سے غیر متوقع پریس کانفرنس کے بعد نواز شریف کی جانب سے شہباز شریف کو وطن واپس جانے اور سیاسی معاملات سلجھانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

شہباز شریف آج ناراض لیگی رہنما زعیم قادری کے تنازع پر سینیر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔ اس سے قبل لندن میں زعیم قادری سے متعلق صحافیوں کے پوچھے گئے سوال پر شہباز شریف نے جواب دینے سے گریز کیا تھا۔

واضح رہے کہ شہباز شریف عید کے پہلےروز16جون کو نماز کی ادائیگی کے فوراً بعد لندن روانہ ہوگئے تھے، جہاں انہوں نے اپنی بھابی اور سابق خاتون اول کلثوم نواز کی عیادت کی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز باغی رہنما زعیم قادری کی جانب سے پریس کانفرنس میں پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت اور حمزہ شہباز سے متعلق سخت الفاظ استعمال کیے گئے تھے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں زعیم قادری کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز اور شہباز شریف کان کھول کر سن لو، یہ لاہور تمھارے باپ کی جاگیر نہیں، میرے خلاف اگر کوئی بولا تو میں اس کو بے نقاب کردونگا، اس موقع پر زعیم قادری نے این اے 133 سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے اور حمزہ شہباز شریف کو چیلنج بھی دیا۔