خبرنامہ پاکستان

میاں محمود الر شید نے پنجاب اور وفاق کے وزراء کے تربیتی کورس کرانے کا مطالبہ کردیا

لاہور ( ملت + آئی این پی) قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی میاں محمود الر شید نے پنجاب اور وفاق کے وزراء کے تربیتی کورس کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پا نا مہ کیس کا فیصلہ جیسے جیسے قریب آ رہا ہے حکومت کی پریشانی بڑھتی جا رہی ہے۔ پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان قومی لیڈر ہیں ان سے کسی غلط بات کو جوڑنا برداشت نہیں کرینگے، میاں محمود الر شید نے سپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ بد اخلاقی اور بد زبانی پر جاوید لطیف کی اسمبلی رکنیت کو معطل کیا جائے اور تمام حکومتی اراکین اسمبلی اور وزراء کی اخلاقی تربیت کا کورس کرایا جائے۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے مزید کہا کہ پا نا مہ کیس کا فیصلہ جیسے جیسے قریب آ رہا ہے حکومت کی پریشانی بڑھتی جا رہی ہے، ایک طرف وزیر اعظم کے دورے ہی ختم نہیں ہو رہے جبکہ دوسری جانب وزرا فوجی شہادتوں، سرحدی کشیدگی سمیت اہم قومی نوعیت کے معاملات میں تو زبان بندی کر لیتے ہیں اور پھٹیچر والی بات کو ایشو بنا دیتے ہیں۔