خبرنامہ پاکستان

میرا ملک دہشت گردی کا بنیادی شکار رہا ہے، وزیراعظم

نیویارک ۔ 21 ستمبر (ملت نیوز…اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میرا ملک دہشت گردی کا بنیادی شکار رہا ہے جس کی باہر سے کی جانے والی حمایت، سرپرستی اور سرمایہ شامل ہیں، دہشت گردی کے خلاف ہمارے لاکھوں شہری اور ہزاروں سیکورٹی اہلکار جاں بحق یا زخمی ہو چکے ہیں۔ بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بیرونی سرپرستی میں دہشت گردی اور پاکستان میں خلفشار پیدا کرنے کیلئے عدم استحکام کی دھمکیوں کی اجازت نہیں دیں گے، ہمارے لاکھوں شہری اور ہزاروں سیکورٹی اہلکار دہشت گردی کے حملوں میں جاں بحق یا زخمی ہو چکے ہیں، اس سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے ہمارے عزم کو ازسرنو تقویت ملی ہے۔ قانون کے نفاذ اور ٹارگٹڈ ملٹری آپریشنز کی ہماری جامع حکمت عملی کے شاندار نتائج برآمد ہوئے ہیں اور اس سے پاکستان دہشت گردی کیخلاف کامیابی سے نبردآزما ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ضرب عضب آپریشن ہمارے دو لاکھ سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ دنیا میں کسی بھی جگہ دہشت گردی کیخلاف سب سے بڑی، مضبوط اور کامیاب مہم ہے۔ہمارے جامع نیشنل ایکشن پلان کو ہمارے عوام اور ہماری پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ ہماری سیکورٹی فورسز کی مکمل تائید اور حمایت حاصل ہے اور ان سب نے دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں تاہم دہشت گردی اب ایک عالمی مظہر ہے جس پر ریاستی دہشت گردی سمیت ہر شکل میں جامع انداز میں توجہ دی جانی چاہئے۔