خبرنامہ پاکستان

میرشکیل الرحمان عدالت میں پیش نہ ہوئے، کل دوبارہ طلب

میرشکیل الرحمان

میرشکیل الرحمان عدالت میں پیش نہ ہوئے، کل دوبارہ طلب

اسلام آباد:(ملت آن لائن)+اے پی پی) جیو نیوز کےملازمین کوتنخواہ کی عدم ادائیگی کیس کی سماعت میں عدالتی حکم کے باوجود جیو/جنگ کےمالک میر شکیل الرحمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے، سپریم کورٹ نے میر شکیل کو کل دوبارہ طلب کر لیا ہے۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جیو نیوز کے ملازمین کوتنخواہ کی عدم ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت میں عدالتی حکم کے باوجود جیو/جنگ کےمالک میر شکیل الرحمان عدالت پیش نہیں ہوئے۔ جس کے بعد سپریم کورٹ نے میر شکیل کو کل دوبارہ طلب کر لیا اور کہا کہ میر شکیل ہر صورت ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہر بڑے بندے کو کمردرد ہی ہوتا ہے، حامد میرآپ نے کہا تھا میرشکیل کو لے کرآئیں گے، آج کہا جارہا ہے میرشکیل کو آگاہ کردیا ہے۔ جیو کے نمائندے نے کہا تھوڑاسا وقت فراہم کریں میرشکیل عدالت میں پیش ہوں گے، جس پر چیف جسٹس نے کہا دبئی سے آنے کے لئے دو گھنٹے لگتے ہیں۔ جیو کےسی او او کا کہنا تھاعدالت کی جانب سے شارٹ نوٹس دیا گیا،شارٹ نوٹس کے باعث میر شکیل پیش نہیں ہوسکے۔.بعد ازاں کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔
ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی ، میرشکیل الرحمان کل سپریم کورٹ میں طلب
یاد رہے گذشتہ روز میڈیاکمیشن سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ نے معروف اینکرحامدمیرکی شکایت پرجنگ/ جیو کے مالک میر شکیل الرحمان کو عدالت نے طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرشکیل پیش ہوکر بتائیں کہ ورکرزکوتنخواہیں کیوں نہیں دے رہے؟ حامد میر نے شکایت کی ہےانہیں3 ماہ سےتنخواہ نہیں ملی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا تھا کہ ’’ہم پہلے آپ کے ادارے کے مالک میرشکیل کوطلب کرتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ تین ماہ سے تنخواہ کیوں نہیں دی۔ ان سے پوچھیں گے حامد میر کو تین ماہ تنخواہ نہیں ملی تو ان کی مرسڈیز کیسے چلے گی‘‘۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمان کل ذاتی طور پر پیش ہوں، میرشکیل نے اگرمیرےخلاف کوئی شکایت کرنی ہے تو کرلیں۔