خبرنامہ پاکستان

میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی کارروائی، 28بھارتی ماہی گیر گرفتار

میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی کارروائی، 28بھارتی ماہی گیر گرفتار

کراچی:(ملت آن لائن) پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے سمندر میں آپریشن کرتے ہوئے 5بھارتی کشتیاں قبضے میں لے کر28بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہازوں اور تیز رفتار کشتیوں نےکاروائی کرتے ہوئے پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 28 بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا اور بھارتی ماہی گیروں کے زیر استعمال 5کشتیاں بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں ۔ ترجمان کے مطابق بھارتی ماہی گیروں کو تفتیش کے بعد ڈاکس تھانے کے حوالے کردیا جائے گا۔ ماضی میں‌ بھارت ماہی گیروں کے زریعے اپنے منظم مقاصد کے حصول کی کوشش کرتا رہا ہے تاہم اس کی یہ کوشش پاکستان نے ناکام بنائی ہے۔ بحیرہ عرب میں سمندری حدود کی خلاف ورزی اور اسکے نتیجے میں گرفتاریاں دونوں ممالک کی جانب سے معمول کی بات ہیں۔ سمندری حدود کی واضح تقسیم نہ ہونے اورماہی گیروں کی کشتیوں میں سمندری حدود کا تعین کرنے والے جدید آلات نہ ہونے کے باعث اکثر دونوں ممالک کے ماہی گیرغلطی سے سرحد پار کرجاتے ہیں اور اکثر ماہی گیر اپنی سزا کی مدت ختم کرنے کے باوجود کمزور سفارتی تعلقات کے باعث جیل میں رہ جاتے ہیں۔