خبرنامہ پاکستان

میمو گیٹ ‘ ایبٹ آباد اور ماڈل ٹاؤن کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے، عارف علوی

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی عارف علوی نے کہا ہے کہ میمو گیٹ ‘ ایبٹ آباد اور ماڈل ٹاؤن کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے‘ حسین حقانی کے معاملے پر کمیشن بنا کر دیکھ لیا جائے‘ پارلیمانی کمیشن میں یقیناً مک مکا ہوجائے گا۔ وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جانبدارانہ کردار ادا کرتے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجا جبکہ نواز شریف کے خلاف ریفرنس مسترد کردیا۔ اب الیکشن کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنس مسترد کیا ہے اور یہی ہونا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میمو گیٹ‘ حمود رحمان‘ ماڈل ٹاؤن کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے بدقسمتی سے آج تک کی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی۔ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ پیپلز پارٹی کے دور میں آئی نہ وہ منظر عام پر لائے نہ موجودہ حکومت نے جرات کی۔ حسین حقانی کے معاملے پر بھی کمیشن بنا کر دیکھ لیں پارلیمانی کمیشن میں مک مکا ہوجائے گا۔