خبرنامہ پاکستان

میڈیا سیل ختم کر نے کی سمری وزیر اعظم کو بھجوا دی گئی

میڈیا سیل ختم کر نے کی سمری وزیر اعظم کو بھجوا دی گئی

اسلام آباد (ملت آن لائن) وزارت اطلاعات ونشریات نے سابق وزیرا عظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف کی زیر سرپرستی چلنے والے سٹرٹیجک میڈیا کمیونی کیشن سیل (ایس ایم سی سی ) کو ختم کرنے کی سمری بھجوا دی۔ ذرائع کے مطابق 11 افراد پر مشتمل اس میڈیا سیل کو ختم کرنے کی سمری وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی کو بھجوادی گئی ہے۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب کی سفارش پر سمری کے عنوان کو ایس ایم سی سی کے خاتمہ کی جگہ ایس ایم سی سی کے فنکشن کو وزارت کے دیگر ونگز کو سونپنے سے تبدیل کیا گیا ہے۔ ایس ایم سی سی کو سابق وزیرا عظم کی ہدایت پر 2014 میں بنایا گیا تھا جس کیلئے 3 کروڑ 30 لاکھ روپے بجٹ بھی مختص کیا گیا تھا اور گزشتہ سال اس سیل کے افراد کی تعداد 11 سے بڑھا کر 35 کرنے کی سفارش کی گئی تھی جسے وزارت خزانہ نے بجٹ نہ ہونے کے باعث مسترد کردیا تھا۔

اس سیل کا ابتدا میں کام پاکستان مسلم لیگ کی پولیو مہم، توانائی بچت، سکول کے بچوں کے داخلہ، ماحولیاتی، مہلک بیماریوں اور دہشت گردی کے خلاف آگاہی پیداکرنا تھا لیکن بعد میں یہ سیل پاکستان مسلم لیگ نواز کے مخالف سیاسی رہنماؤں کو سوشل میڈیا پر جوابات بھی دیتا رہا۔ سمری کے مطابق سیل میں شامل 11 لوگوں کے کنٹریکٹ اپریل 2018 میں ختم ہو جائیں گے اور ان کی جگہ نئے لوگ بھرتی بھی نہیں کیے جائیں گے جبکہ ان کے فنکشن کو وزارت اطلاعات ونشریات کے دیگر ونگز کو تفویض کر دئیے جانے کی بھی تجویز ہے۔ اس سلسلے میں جب سیکرٹری اطلاعات ونشریات سردارا حمد نواز خان سکھیر اسے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ ایک ہفتہ کی چھٹیوں پر ہیں جبکہ وزیرمملکت مریم اورنگزیب کو بھیجے گئے سوال کا جواب موصول نہیں ہوا۔