خبرنامہ پاکستان

میڈیا ہاؤسز حملہ کیس میں فاروق ستار،عامر خان سمیت دیگرملزمان پرفرد جرم عائد

کراچی:(ملت آن لائن) انسدادہشت گردی عدالت نے میڈیا ہاؤسز حملہ کیس میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماؤں فاروق ستار، عامر خان، کنور نوید جمیل، قمر منصور، شاہد پاشا اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 22 اگست 2016 کو میڈیا ہاؤسز پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے 2 مقدمات کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران فاروق ستار، عامرخان، کنور نوید جمیل، قمر منصور، شاہد پاشا اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کردی، تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

دوسری جانب عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے تفتیشی افسران اور گواہان کو نوٹسز بھی جاری کردیئے۔

واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف سرکار کی مدعیت میں تھانہ آرٹلری میدان میں مقدمات درج ہیں۔

ان مقدمات میں عدالت بانی ایم کیو ایم الطاف حسین، حیدر عباس رضوی اور سلمان مجاہد سمیت 8 ملزمان کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔