اسلام آباد:(ملت آن لائن) میڈیکل بورڈ نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف کو میڈیکلی فٹ قرار دے دیا اور میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ نیب کو فراہم کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹرز نے آج صبح 7 بجے منسٹرانکلیو میں شہبازشریف کا معائنہ کیا، میڈیکل بورڈ نے خالی معدہ شہبازشریف کا دوبارہ تفصیلی طبی معائنہ کیا۔
ڈاکٹرز نے شہبازشریف کا بلڈپریشر، ای سی جی ٹیسٹ کیا جبکہ معدے، گردوں، مثانے کے الٹراساؤنڈ ٹیسٹ کئے گئے۔
طبی معائنہ کے بعد شہبازشریف کے بلڈپریشر، ای سی جی اور الٹراساؤنڈ رپورٹس نارمل نکلی اور میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کو میڈیکلی فٹ قرار دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ نیب کو فراہم کر دیا گیا۔
گذشتہ روز بھی پولی کلینک کے میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کا طبی معائنہ کیا تھا اور مختلف ٹیسٹ کے نمونے حاصل کیے، ٹیسٹ کی رپورٹس نارمل آنے کے بعد میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا تھا۔
اس سے قبل شہباز شریف نے میڈیکل بورڈ سے معائنہ کرانے سے انکار کر دیا تھا۔
خیال رہے احتساب عدالت میں شہباز شریف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ میں کینسر کا مریض تھا اور بیرون ملک سرجری کروائی، باربار نیب کو کہنے کے باوجود آج تک خون اورشوگر ٹیسٹ نہیں ہوئے۔ میں نے صبر و تحمل سے نیب کے سوالات کے جواب دیے، اہلخانہ سے ہفتہ وار ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
یاد رہے نیب نے شہباز شریف کا طبی معائنہ کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کے لئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی درخواست کی تھی، جس کے بعد نیب کی درخواست پر پولی کلینک میں 3 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔
واضح رہے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں گرفتار سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نیب کی تحویل میں ہیں جب کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے منسٹر انکلیو اسلام آباد میں موجود ہیں۔