خبرنامہ پاکستان

نئی مردم شماری میں اہم معلومات حاصل کرنیوالا فارم خارج

کراچی: (ملت+اے پی پی) ادارہ مردم شماری نے مارچ 2017 میں ملک بھر میں ہونے والی نئی مردم شماری کے لئے فارم 2 الف کو خارج کر دیا ہے۔ اس بات کا انکشاف چیف سیکرٹری سندھ کو ادارہ مردم شماری کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں ہوا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مردم شماری کے دوران اعداد شمار حاصل کرنے کے تین فارم بھرے جاتے ہیں لیکن ادارہ مردم شماری نے اس بار صرف دو فارم بھرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تیسرا فارم 2 الف نہیں بھرا جائے گا کیونکہ ادارے کی پاس مردم شماری کے لئے وقت کم ہے۔ فارم 2 الف خارج ہونے کے نتیجے میں ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں نقل مکانی کے رجحان اور اسباب، آبادی میں اضافے، شرح پیدائش و اموات کی معلومات، بے روزگاری کے اسباب، معذور افراد میں اضافے، تعلیمی رجحان اور کاروباری سرگرمیوں کے رجحان کی تبدیلی سمیت دیگر اعداد شمار حاصل نہیں کئے جا سکیں گے۔ چیف سینسز کمشنر کا کہنا ہے کہ فارم 2 الف کی معلومات کیلئے مردم شماری کے بعد سروے کرایا جائے گا۔