خبرنامہ پاکستان

نااہلی کی درخواستوں کی سماعت، وزیراعظم کےوکیل نےوقت مانگ لیا

اسلام آباد:(آئی این پی) نااہلی ریفرنسز میں وزیر اعظم کے وکیل نے جواب داخل کرنے کے لیے الیکشن کمیشن سے وقت مانگ لیا۔ اپوزیشن کے وکلا کا کہنا ہے کہ حکومت تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔ وزیر اعظم کی نااہلی کے لیے تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، عوامی مسلم لیگ اور پاکستان عوامی تحریک کے ریفرنسز کی سماعت کے دوران وزیر اعظم نواز شریف کے وکیل سلمان بٹ نے جواب کے لیے وقت مانگ لیا۔ وزیر اعظم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہمارے پاس کیس کی کاپی موجود نہیں ہے لہٰذا انہیں وقت دیا جائے۔ جواب میں اپوزیشن کے وکلا نے کہا کہ حکومت تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔ وزیر اعظم کے وکیل کو واضح جواب کے ساتھ آنا چاہیئے تھا۔ الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت پر دلائل کے بعد وزیر اعظم اور ان کی فیملی کو نوٹس جاری کیے تھے۔ کیس کی مزید سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے وہ افراد جو رکن اسمبلی بھی ہیں کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، پاکستان عوامی تحریک اور عوامی مسلم لیگ کی جانب سے نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواستیں جمع کروائی گئی تھیں۔