خبرنامہ پاکستان

ناصر جمشید کیس کی فائل بند ہونے کا وقت قریب

ناصر جمشید کیس کی فائل بند ہونے کا وقت قریب
لاہور:(ملت آن لائن) ناصر جمشید کیس کی فائل بند ہونے کا وقت قریب آ گیا پی سی بی اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے سماعت مکمل کرلیا اب فیصلہ 30دن میں جاری کردیا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق سماعت کے دوران اوپنر کے وکیل کا کہنا تھا کہ بورڈ کی فراہم کردہ دستاویزات میں یوسف کا نام شامل نہیں،اس کا کوئی تعلق بھی ثابت نہیں ہوتا۔پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کا کہنا ہے کہ تمام شواہد موجود ہیں۔ پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث شرجیل خان کو پی سی بی اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے ڈھائی سال معطل سمیت 5برس پابندی کی سزا سنائی تھی جو اپیل کے فیصلے میں بھی برقرار رکھی گئی۔
دوسری جانب خالد لطیف پر 5سال کیلیے کرکٹ کے دروازے بند کیے گئے تھے۔ان کی اپیل کا کیس زیر سماعت ہے، شاہ زیب حسن کے بارے میں ٹربییونل کا فیصلہ آنا باقی ہے،اس اسکینڈل میں سہولت کاری کے ملزم ناصر جمشید کیخلاف لندن میں نیشنل کرائم ایجنسی کا کیس چل رہا ہے، اوپنر ٹریبیونل کے سامنے پیش نہیں ہوسکے،ان کے وکیل کارروائی میں شامل ہوتے رہے،گزشتہ روز ناصر جمشید کے کیس کی سماعت مکمل ہوگئی، ٹریبیونل نے فیصلہ محفوظ کر لیا جو 30دن میں جاری کردیا جائے گا۔
اوپنر کے وکیل حسن وڑائچ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے حتمی دلائل دے دیے ہیں، پی سی بی کی فراہم کردہ دستاویزات میں یوسف کا نام شامل نہیں ہے، بورڈ نے اس بات کو تسلیم کیاکہ ان کے پاس یوسف کے بکی ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے،ناصر جمشید اور یوسف کا کوئی تعلق ثابت نہیں ہوتا، انھوں نے کہا کہ انگلینڈ میں ناصر جمشید پر الزامات ختم ہونے والے ہیں، نیشنل کرائم ایجنسی کے پاس بھی اوپنر کیخلاف کوئی ثبوت نہیں لیکن ہمیں پہلے دن سے معلوم ہے کہ ٹریبیونل ناصر جمشید کیخلاف کیا فیصلہ دے گا۔
فیصلہ کچھ بھی ہو کیس عدالت میں لگے گا۔ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناصر جمشید پر تعاون نہ کرنے کے الزام پر دلائل دیے ہیں، ہم نے ٹریبیونل کے سامنے سوال اٹھایاکہ وکلا جواب دیں کہ اوپنرکا پاسپورٹ نیشنل کرائم ایجنسی کے پاس کیوں ہے؟ انھوں نے دعوی کیا کہ یوسف کے بکی ہونے کے تمام شواہد موجود ہیں۔