خبرنامہ پاکستان

ناموس رسالت کیخلاف ہر سازش ناکام بنا دینگے: اے پی سی

لاہور: (ملت+اے پی پی) دینی جماعتوں نے آج ملک گیریوم تحفظ ناموس رسالتؐ منانے کا اعلان کر دیا ، ملک بھر کی مساجد میں اجتماعات جمعہ میں قانون تحفظ ناموس رسالت میں مجوزہ ترمیم کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی ۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام آل پارٹیز تحفظ ناموس رسالت کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے ممتاز عالم دین مولانا مفتی محمدحسن نے کہاکہ حکومت کے قادیانیت نواز اقدامات چنا ب نگر کے تعلیمی ادارے قادیانیوں کو واپس کرنے ،قائد اعظم یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کو قادیانی سائنسدان سے منسوب کرنے اور قانون تحفظ ناموس رسالتؐ کو غیرمؤثر بنانے کے ضمن میں ترمیم کے خلاف اورچکوال میں مسلمانوں کے مذہبی جلوس پر دہشت گردانہ حملہ کرنے اور دومسلمانوں کو شہید کرنے والے قادیانی قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف بہت جلداسلام آباد میں دینی جماعتوں کے سربراہوں کی آل پارٹیزکانفرنس بلاکر حکومت کے دین دشمن اقدام کے خلاف مشترکہ احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا- رہنماؤں نے کہاکہ ناموس رسالت ؐقانون میں ترمیم درحقیقت قانون نامو س رسالت کو غیرمؤثر بنانے کا حربہ ہے جسے غیورمسلمان ہرگزبرداشت نہیں کریں گے ۔امریکہ اور یہودوہنودکے ایماپر پاکستان کے اسلامی تشخص اور آئین کی اسلامی شقوں بالخصوص ختم نبوت و ناموس رسالتؐ کے خلاف ہرسازش کو ناکام بنا دیں گے ،نظریہ اسلام کو کمزور کرنے سے نظریہ پاکستان کمزور ہوگا ،قادیانی نواز ،دین دشمن اقدامات پاکستان کے اسلامی تشخص اور بنیادی اساس پرکاری ضرب ہے ،قادیانیوں نے آج تک پاکستان کے وجود اورآئین کو تسلیم نہیں کیا اکھنڈ بھارت قادیانیوں کا الہامی عقیدہ ہے ۔ اے پی سی میں جماعت اسلامی کے ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،سابق ایم این اے مولانا عبدالمالک ،جے یو آئی کے مولانا محمدامجد خان،مولانامحب النبی،مولانا سیدمحمودمیاں ،جے یو آئی (س) کے مولانا عبدالرؤف فاروقی ،جے یو پی کے قاری محمدزوار بہادر، جے یو پی نورانی کے سردارمحمدخان لغاری ، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مولانا اللہ وسایا،مولانا اسماعیل شجاع آبادی،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے علامہ زبیراحمدظہیر،متحدہ جمعیت اہلحدیث کے مولانا محمدنعیم بادشاہ، اسلامی تحریک کے علامہ حافظ کاظم رضا نقوی،وفاق المدارس العربیہ کے مولانا مفتی عزیزالرحمن،تنظیم اسلامی کے مرز ایوب بیگ،مجلس احراراسلام کے قاری یوسف احرار،میاں محمداویس،ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے علامہ ممتازاعوان،پیرسلیم عباس جعفری ،متحدہ علماکونسل کے مولانا عبدالرؤف ملک ،مولانا یاسین عابد،پاکستان شریعت کونسل کے مولانا جمیل الرحمن اختر، جامعہ اشرفیہ کے مولانا مفتی احمدعلی اورمولانا عزیزالرحمن ثانی،مولانا اشرف گجر،قاری علیم الدین،پیررضوان نفیس ،مولانا سید ضیاالحسن شاہ،مولانا عبدالشکورحقانی،شکیل الرحمن ناصر،مولانا عبدالنعیم ،مولانا مجیب الرحمن انقلابی،مولانا عبدالجبارسلفی و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔